نیو ملیرہاؤسنگ اسکیم،کروڑوں کے کھمبے اورتار چوری
کراچی (رپورٹ :آغا طارق)گھگھر کے قریب ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی ایم ڈی اے کے نیو ملیر ہاؤسنگ اسکیم سے رات کے وقت کروڑوں روپے مالیت کے بجلی کے کھمبے اور تار چوری ہوگئے ، چوروں نے سیکڑوں بجلی کے کھمبے زمین سے نکال کر تاربھی اپنے ساتھ لے گئے ۔
اطلاع ملنے پر الاٹیز پہنچ گئے ، ایم ڈی اے حکام کے خلاف نعرے بازی کی۔تفصیلات کے مطابق گھکھر کے قریب واقع ایم ڈی اے کی نیو ملیر ہاؤسنگ اسکیم میں رات کے وقت نامعلوم چوروں نے سیکڑوں بجلی کے کھمبے اور تار چوری کرلئے اور تمام کھمبے زمین سے نکال کر اپنے ساتھ لے گئے ۔ جن کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے ۔معلومات کے مطابق ایم ڈی اے کی لاپروائی اور سیکورٹی گارڈوں کو ملازمتوں سے بیدخل کرنے کے بعد کروڑوں روپے کی بجلی کے تار پہلے بھی چوری ہوئے تھی اور اب گزشتہ رات کروڑوں روپے کی مالیت کے کھمبے اور تار چوری ہوگئے ، اطلاع ملنے پر الاٹیز بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے ۔ الاٹیز یونین کے رہنما فقیر عبدالقادر شر نے صحافیوں کو بتایا کہ گزشتہ کئی ماہ سے تاروں کی چوری کا سلسلہ جاری ہے ، 27 ہزار الاٹیز کے ساتھ ناانصافی ہے پولیس اور ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہیں لیا، اگر فوری طور پر ملزمان کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تو نیشنل ہائی وے پر دھرنا دیا جائے گا۔