جیکب آباد:غیرت کے نام پر بھائی نے بہن کو قتل کردیا
میرپورماتھیلو،جیکب آباد (نمائندگان دنیا) میرپورماتھیلو شہر کے مرکز میں دن دیہاڑے مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا نوجوان کو سیاہ کاری کے الزام میں نشانہ بنایا گیا ۔
اطلاعات کے مطابق مقتول میرپورماتھیلو کے مرکزی تجارتی مراکز میں واقع آن لائن رقم منتقلی شاپ سے پیسے لیکر نکلا تھاکہ بیکری کے سامنے موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے اسے گولیاں کا نشانہ بنادیا ، فائرنگ سے بیکری کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ۔ عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد نے نوجوان کو چار گولیاں ماریں اور فرار ہوگئے ۔ واقعے کے بعد پولیس نے زخمی نوجوان عیسیٰ مغیری کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا جسے رحیم یار خان منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق نوجوان کو سیاہ کاری کے الزام میں قتل کیا گیا ہے ۔ملزمان کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے شناخت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جنہیں شناخت کے بعد جلد گرفتار کرلیا جائے گا ، مقتول نوجوان پاک فوج کا ملازم تھا۔ جیکب آباد کی تحصیل گڑھی خیرو کے دوداپور تھانہ کی حدود گاؤں گھر پہنجا میں ملزم نے فائرنگ کرکے اپنی جواں سالہ بہن ثمینہ لغاری کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر لاش کو اسپتال منتقل کیا ۔ پولیس کے مطابق ملزم قربان لغاری نے سیاہ کاری کے الزام میں ثمینہ کو قتل کیا ہے ، ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اور واقعہ کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ جیکب آباد میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر مسلح افراد نے ہوٹل پر حملہ کرکے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے مولاداد تھانہ کی حدود میں 2 نامعلوم مسلح افراد نے ہوٹل پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ہوٹل پر بیٹھا ثناء اللہ جکھرانی چل بسا ، ہوٹل پر حملے کے وقت علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا ۔ اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر لاش کو اسپتال منتقل کیا، اسپتال میں مقتول کے چچا جونثال جکھرانی نے بتایا کہ دو ملزمان ربنواز اور دُلھن فقیر نے حملہ کرکے بھتیجے کو بے گناہ قتل کیا ہے ، پولیس کے مطابق جکھرانی برادری کے دو گروپوں میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر واقعہ پیش آیا ہے۔