سکھر :نئے کینالز منصوبے کے خلاف ایس یوپی کی بھوک ہڑتال
سکھر(بیورو رپورٹ)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی مرکزی کال پر دریا سندھ سے 6 نئے کنالز نکالنے کے خلاف کراچی ،حیدرآباد سمیت سندھ کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں 24 گھنٹے کی بھوک ہڑتال کے اعلان پر۔۔۔
سکھر میں ایس یوپی سکھر کی جانب سے پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا گیا جس میں مقامی قیادت اور کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ارسا نے پانی کی تقسیم کے دوران ہمیشہ سسٹم میں آبی قلت ظاہر کی ہے اور 1999ء سے 2023ء تک سندھ میں پانی کی شدید قلت رہی ہے ،اس دوران مجموعی طور پر سندھ کو 20فیصد کم ہی پانی ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے کینالز اور ڈیم بنانے کا مقصد انڈس بیس ایری گیشن سے زبردستی پانی حاصل کرنا ہے جس کے سبب سندھ کی زمینیں بنجر ہوں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دریا ئے سندھ بچاؤ تحریک کو منظم کرنے کے لیے 12تنظیموں پر مشتمل اتحاد قائم کیا ہے جس کے پلیٹ فارم سے جدوجہد جاری ہے اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی نے اس جدوجہد سے مزید آگے بڑھتے ہوئے سندھ کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں 24گھنٹے کی بھوک ہڑتا ل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت حیدرآباد ، سکھر میں کیمپ لگائے گئے ، 24دسمبر کو لاڑکانہ، ، 28دسمبر کو میرپور خاص اور 30دسمبر کو کراچی میں بھوک ہڑتال کی جائے گی۔