گھر میں قائم شراب کی فیکٹری پکڑی گئی،254بوتلیں برآمد

گھر میں قائم شراب کی فیکٹری پکڑی گئی،254بوتلیں برآمد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ کی ہدایت پر محکمہ ایکسائزکی منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔

نارکوٹکس کنٹرول ونگ کورنگی کی ٹیم نے گزشتہ روز سپرہائی وے پر قائم نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر شراب کی فیکٹری، بڑی تعداد میں غیر ملکی ساختہ مقامی شراب کی بوتلیں، شراب کی تیاری میں استعمال ہونے والے کیمیکلز، اسٹیکرز اور خالی بوتلیں برآمد کرلیں۔ ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول ونگ ضلع کورنگی ریاض حسین کھوسو نے ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول ونگ سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ انکی ٹیم نے گزشتہ روز ایک ملزم کو کورنگی کے علاقے سے گرفتار کیا۔ جس کے قبضے سے غیر ملکی ساختہ مقامی شراب کی 12 بوتلیں برآمد ہوئیں۔ بعد ازاں ملزم سے مزید تفتیش کے بعد ملزم کی نشاندہی پر سپرہائی وے ہر قائم نجی سوسائٹی میں چھاپہ مارا گیا جہاں سے لاکھوں روپے مالیت کی بین الاقوامی ساختہ مقامی شراب کی 254 بوتلیں، 57لٹر تیار شراب کے ڈرم، 3030 لٹر کے تین ایتھانول کے کین، اسٹیکرز، ڈھکن و دیگر پیکنگ مٹیریل سمیت منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی ایک کار برآمد کی جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے ۔ ریاض حسین کھوسو نے مزید بتایا کہ ملزمان بین الاقوامی برانڈ کی شراب مختلف فارمولوں اور کیمیکلز کی مدد سے مقامی سطح پر تیار کر رہے تھے ۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی وزیر نے منشیات فروشوں کے خلاف بلا تفریق سخت کاروائیوں کی ہدایت ہے ،گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں