ڈیفنس سے اغوا ہونے والا شخص بازیاب،دوملزمان ہلاک
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈیفنس پولیس اور اغوا کاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، 2 ملزمان موقع پر ہلاک، اسلحہ اور اغوا میں استعمال ہونے والی کار برآمد جبکہ مغوی بحفاظت بازیاب کروالیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس مقابلہ گزشتہ رات ساڑھے چار بجے کے قریب تھانہ ڈیفنس کی حدود میں واقع CR روڈ پر ہوا ،جہاں پولیس معمول کے مطابق گشت پر مصروف تھی سلور مہران میں سوار ملزمان ڈیفنس سی آر روڈ سے گزر رہے تھے جنہیں پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی پولیس کی جوابی فائرنگ سے اغوا کار ملزم اعجاز علی ولد احمد علی عقیل احمد ولد غلام اکبر موقع پر ہلاک جبکہ ان کے دیگر دو ساتھی موقع سے فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے ۔مغوی نظیر احمد قریشی ولد ممتاز حسین قریشی کو جس کے منہ اور ہاتھ بندھے ہوئے تھے بحفاظت بازیاب کر لیا گیا ہے جسے ایک روز قبل درخشاں کے علاقے سے ملزمان نے اغوا کیا تھا ہلاک ملزمان کا تعلق ضلع کشمور سے ہے جبکہ ملزمان کے قبضے سے دو عدد 30 بور پستول اور اغوا کے لیے استعمال کیے جانے والی سلور مہران کار بھی برامد ہوئی۔ملزمان کے دیگر دو ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ ہلاک ملزمان اور اس کے دیگر دو ساتھی تھانہ ساحل کہ مقدمہ نمبر 256/24 میں پولیس کو مطلوب تھے ہلاک ملزمان کی لاشوں کو مزید ضابطے کی کاروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔