کورنگی میں غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹ سربمہر،ملزم گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)واٹر بورڈ اور پولیس نے چکرا گوٹھ کورنگی میں غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹ کو سیل کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایس ایس پی کورنگی کے مطابق کراچی میں جاری حالیہ پانی کی قلت کے باعث واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ہمراہ تھانہ زمان ٹاؤن پولیس نے چکرا گوٹھ کورنگی نمبر ایک میں غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹ کے خلاف کارروائی کی۔واٹر بورڈ اور پولیس نے غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹ کو سیل کرکے ملزم نعمان ولد منیر احمد کو گرفتار کرلیا جبکہ 3ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جن میں رفیق، عبداللہ کوریجو اور احمد شامل ہیں۔پولیس نے گرفتار ملزم اور فرار ہونے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔واضح رہے کہ جمعہ کوسکھن میں اربوں روپے مالیت کے پانی کی بڑی چوری پکڑی گئی، طاقتور مافیا نے آر او پلانٹ کی آڑ میں بڑے پیمانے پانی کی چوری کا نیٹ ورک قائم کیا ہوا تھا،یومیہ ہزاروں گیلن پانی چوری کرکے فروخت کیا جارہا تھا۔مافیا نے پانی ذخیرہ کرنے کیلئے بھی خصوصی سسٹم قائم کررکھا تھا، پاکستان رینجرز سندھ اور کراچی واٹر کارپوریشن نے مشترکہ کارروائی کے دوران تمام نظام مسمار کردیا ہیوی مشینری کے ذریعے کئی گھنٹوں تک مسلسل ایکشن جاری رہا۔یاد رہے کہ کراچی میں گزشتہ دنوں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا تھا ۔