تیز ترین ترقی کیلئے ناخواندگی کا خاتمہ ناگزیر،سعید غنی

تیز ترین ترقی کیلئے ناخواندگی کا خاتمہ ناگزیر،سعید غنی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ حکومت اور صاحب ثروت افراد کو ایسے مستند فلاحی اداروں کو بڑھ چڑھ کر تعاون فراہم کرنا چاہئے جو کہ ملک میں معیاری تعلیم کو عام کرنے کے مشن پر پوری طرح گامزن ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے زیر اہتمام 1200 سے زائد یتیم بچوں کے لیے منعقد ہونے والے گالا ایونٹ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں یتیم بچے جی سی ٹی کے کراچی کے پسماندہ علاقوں میں قائم اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔ تقریب میں تعلیمی شعبے میں فلاحی سرگرمیوں کو تعاون فراہم کرنے والے نمایاں مخیر حضرات اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔سعید غنی نے کہا کہ ملک کی تیز ترین ترقی کا راز ناخواندگی کے جلد از جلد خاتمے میں مضمر ہے ۔ انہوں نے کہ ملک میں موجود ایک ایک بچے کو معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کا بنیادی فرض ہے لیکن ریاست اپنی یہ ذمہ داری نہایت بدقسمتی سے ادا نہیں کر پاتی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جی سی ٹی جیسے ادارے اس فرض کی تکمیل کے لئے ریاست کے دست و بازو بن کر ابھرے ہیں۔ حکومت اور مخیر حضرات کو جی سی ٹی جیسے اداروں کو خصوصی تعاون فراہم کرنا چاہیے ۔ جی سی ٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زاہد سعید کا کہنا تھا کہ ناخواندہ بچوں کو تعلیم یافتہ بنانا ایک بڑا چیلنج ہے جس کے لیے مخیر حضرات کو بڑھ چڑھ کر عطیات فراہم کرنے چاہئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں