طبی سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے ،ٹاؤن چیئرمین منگھوپیر
کراچی(سٹی ڈیسک)چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے سیف المری گوٹھ سیکٹر8 سرجانی ٹاؤن میں مفت طبی کیمپ کادورہ کرکے سہولتوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر یوسی کونسلر شازیہ بروہی،محمدی ویلفیئرکے سربراہ محمد یونس کھتری، سائیگاؤں ویلفیئر ایسوسی ایشن کی سرپرست رضیہ سلطانہ، صدر ایم ایس انصاری ،سیکریٹری جنرل راشد مہتاب سلفی ،شعبہ خواتین کی رہنما عائشہ شاہ ،سحرش افتخار بھی موجودتھیں۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہاکہ بلارنگ ونسل طبی سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ، سائیگاؤں، محمدی ویلفیئر کے کیمپ پر مفت طبی سہولتوں کی فراہمی نہ صرف لائق تحسین ہے بلکہ قابل تقلید بھی ہے۔ ہم عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشارہیں اور انہیں بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔آئندہ بھی اس قسم کی سرگرمیوں میں تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔علاوہ ازیں محمدی ویلفیئر کے تحت ، سائیگاؤں ویلفیئر کے تعاون سے منعقدہ مفت طبی کیمپ میں خواتین،بچوں ،بزرگوں سمیت سیکڑوں مکینوں نے استفادہ کیا جنہیں ڈاکٹر وں نے معائنہ کے بعد مفت دوائیں فراہم کیں اور موسمی بیماریوں سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کامشوہ بھی دیا۔اس موقع پر معالجین میں ڈاکٹر فرحت علی،ڈاکٹر عمران علی ،پروفیسر ڈاکٹر عبدالعظیم ،ڈاکٹر رائد،ڈاکٹر جنید زیدی ،ڈاکٹر عطااللہ ، نصرت سلطانہ ،شمائلہ انصاری،فزیو تھراپسٹ محمد شفیق سمیت دیگر شامل تھے جب کہ مریضوں کی رہنما ئی کیلئے مردو خواتین رضاکاروں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔قبل ازیں سائیگاؤں ویلفیئر کی سرپرست رضیہ سلطانہ نے رضاکاروں کے ہمراہ طبی کیمپ کاافتتاح کیا اور رضاکاروں پر زور دیا کہ وہ انسانیت کی خدمت کے جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کو شعار بنائیں۔