ملکی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،گورنر سندھ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں صلاحیت کی کمی نہیں، آج امریکہ کے معروف ڈاکٹرز پاکستانی ہیں،ملک کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
ڈاؤیونیورسٹی سے فارغ التحصیل نوجوان آج دنیا بھر میں اپنی صلاحیتیں منوا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ نے گورنر ہاؤس میں ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ (اے پی پی این اے )کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ گورنر سندھ نے امریکہ سے آئے مہمانوں کو گورنر ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس شاندار گالا کے انعقاد پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے فلاحی اقدامات قابل ستائش ہیں، ایسوسی ایشن کے تجربات سے فائدہ اٹھانا انتہائی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج گورنر ہاؤس کے دروازے 24 گھنٹے عوام کے لیے کھلے ہیں، نوجوانوں کو خودمختار بنانے کے لیے آئی ٹی کے جدید کورسز گورنر ہاؤس میں جاری ہیں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کی عزت کے لیے ہمیں اپنے عمل اور رویے بہتر کرنے ہوں گے ، ملک کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔علاوہ ازیں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ 9 مئی کے کرداروں کو سزاؤں سے امید کی کرن جاگی ہے ۔اصل سزائیں تو اس سیاسی جماعت کی قیادت کو ہونی چاہئیں ۔