اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کااحتجاجی مظاہرہ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین نے گز شتہ ماہ سے پنشن اور 80 سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کے بقایاجات کی عدم ادائیگی کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا۔
مظاہرے میں انجمن اساتذہ وفاقی اردو یونیورسٹی (عبدالحق کیمپس)کے عہدیداران نے بھی شرکت کی اور موجودہ اساتذہ کی تنخواہوں اور ہاؤس سیلنگ کی ادائیگی کا مطالبہ بھی کیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کی کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر توصیف احمد خان نے کہا کہ یونیورسٹی کے موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری وفاقی محتسب کی عدالت میں قبول کر چکے ہیں کہ یونیورسٹی کے پاس 60 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز موجود ہیں ،تاہم وائس چانسلر ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کو ماہانہ پنشن ادا کر رہے ہیں نہ ہی بقایاجات کی ادائیگی کے لیے کوئی منصوبہ تیار کیا گیا۔ ڈاکٹر توصیف نے کہا کہ وائس چانسلر وفاقی محتسب کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرکے توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ اگر رواں ماہ پنشن اور ریٹائرڈ اساتذہ و ملازمین کے بقایاجات کی ادائیگی کیلئے کوئی حکمت عملی ترتیب نہ دی گئی تو فروری سے وائس چانسلر کے دفتر کے باہر بھوک ہڑتال کا آغاز کریں گے ۔ جنرل سیکریٹری روشن علی سومرو نے کہا کہ وائس چانسلر کے پاس مالی بحران سے نمٹنے کیلئے کوئی عملی منصوبہ نہیں ہے ۔