انٹر نتائج سے غیر مطمئن طلبہ کو امتحانی کاپیاں دکھانے کا اعلان
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں انٹر بورڈ کے تحت ہونے والے امتحانات میں کم نمبر حاصل کرنے والے طلبہ نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔طلبہ کی جانب سے نتائج درست کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسی کمیٹی بنائی جائے جس میں والدین بھی موجود ہوں۔
بند کمروں میں کی جانے والی اسکروٹنی نہیں مانتے ۔طلبہ نے الزام لگایا کہ انٹر بورڈ والے رشوت طلب کرتے ہیں۔دوسری جانب چیئرمین انٹرمیڈیٹ نے انٹرمیڈیٹ کے نتائج سے غیر مطمئن طلبہ کے تحفظات دور کروانے کی یقین دہانی کروائی اور انہیں امتحانی کاپیاں دکھانے کا بھی اعلان کیا ہے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں چیئرمین بورڈ شرف علی شاہ نے کہا کہ جن بچوں نے اسکروٹنی کے لیے اپلائی کیا، اگر وہ دوبارہ نتائج سے مطمئن نہ ہوئے تو وہ اپنے پروفیسر یا والدین کے ساتھ آ کر امتحانی کاپی بھی دیکھ سکتے ہیں۔خیال رہے کہ انٹر میڈیٹ کے نتائج نے کراچی کے طلبہ کے پروفیشنل تعلیمی اداروں میں جانے کے امکانات محدود کر دیے ہیں، انٹرمیڈیٹ سال اول میں پری میڈیکل گروپ میں 66 فیصد اور پری انجینئرنگ گروپ میں 74 فیصد طلبہ فیل ہوگئے ۔