اسٹیل مل نے گلشن حدیدکاپانی بندکیاتواچھا نہیں ہوگا،جماعت اسلامی

اسٹیل مل نے گلشن حدیدکاپانی بندکیاتواچھا نہیں ہوگا،جماعت اسلامی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اپوزیشن لیڈر کے ایم سی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے اسٹیل مل کے مقررشدہ عارضی سی ای او اور ایڈیشنل سیکریٹری محمد اسد اسلام مانی کی جانب سے گلشن حدید کا پانی بند کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیل مل کو ملنے والا پانی کراچی کے پانی کا حصہ ہے۔

اسٹیل مل خود پانی کی پیداوار نہیں کرتا ۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ اگر گلشن حدید کا پانی بحال نہ کیا گیا تو اس کے نتائج اچھے نہیں نکلیں گے ، پانی کی بندش کے خلاف زبردست احتجاج کیا جائے گا اور جماعت اسلامی شہریوں کے ساتھ ہر سطح پر موجود ہو گی۔انہوں نے کہا کہ گلشن حدید کی رہائشی آبادیاں اسٹیل مل کی جانب سے قانونی طور پر دی گئی زمینوں پر آباد ہیں اور اسٹیل مل ان کو پانی فراہم کرنے کا پابند ہے ، نئے سی ای او کا یہ کہنا ہے کہ آپ واٹر بورڈ کے پاس جائیں اور ان سے پانی مانگیں بالکل غلط، غیر قانونی اور غیر انسانی رویہ ہے ۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسد اسلام مانی کو ہدایت کرے کہ وہ کراچی کے شہریوں کو اپنی ذاتی رعیت سمجھ کر فیصلہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ گلشن حدید کے کچھ حصوں کا پانی پہلے ہی کئی دن سے بند ہے ۔ایسی صورت میں وزیر اعلیٰ، وزیر بلدیات اور میئرکی خاموشی ان کی بے حسی اورشہریوں کے مسائل سے لاتعلقی ظاہر کرتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں