سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن میں آن لائن سسٹم متعارف کرانیکافیصلہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن اپنے نظام کو ڈیجیٹل سسٹم پر منتقل کرنے پر کام کررہا ہے ، یہ اقدام انٹرپرائز ریسورس پلاننگ یعنی ای آر پی ماڈیول کے نفاذ کے ذریعے ڈیٹا مینجمنٹ اور آپریشنل کارکردگی کو مزید بہتر اور آسان کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار بورڈ آف کمشنرز کے چیئرمین ڈاکٹر خالد شیخ نے ایس ایچ سی سی آفس کراچی میں منعقدہ بورڈ کے 86ویں اجلاس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پیشرفت سے ایس ایچ سی سی کی خدمات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔سی ای او ایس ایچ سی سی ڈاکٹر احسن قوی صدیقی نے اجلاس میں ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس کی سہولت کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا نظام پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا مقصد رجسٹریشن کے عمل کو ہموار کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے ، تاکہ صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والے تمام ادارے مطلوبہ معیارات پر پورا اترسکیں۔ڈاکٹر احسن صدیقی نے ایوان کو بتایا کہ ایس ایچ سی سی، جے ایس آئی کے تعاون سے موبائل ایپلی کیشن تیار کررہا ہے ، یہ ڈیجیٹل نظام بیماریوں کی ایک ساتھ رپورٹنگ، فوری ردعمل اور بیماریوں پر موثر کنٹرول میں مدد فراہم کرے گا۔انسداد اتائیت کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر عبدالغفور شورو نے درخواست دہندگان کی طرف سے دائر کردہ 61 ڈی سیلنگ کی درخواستیں مجوزہ جرمانے کے ساتھ اجلاس میں پیش کیں۔ بورڈ نے 30لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کی منظوری دیکر ڈی سیلنگ کی تمام درخواستیں منظور کرلیں۔