ڈاؤ یونیورسٹی کے 6سالہ اسٹرٹیجک پلان کا اعلان

ڈاؤ یونیورسٹی کے 6سالہ اسٹرٹیجک پلان کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے اپنے منفرد اور جدت پر مبنی اسٹرٹیجک پلان 2024-2030 کا باضابطہ اعلان کر دیا۔اس اسٹرٹیجک منصوبے کی رونمائی کی تقریب ڈاؤ میڈیکل کالج کے آراگ آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔۔

 جس میں وائس چانسلر کے سینئر سائنٹیفک ایڈوائزر ڈاکٹر سہیل راؤ نے چھ سالہ منصوبہ پیش کیا۔یہ نیا پلان یونیورسٹی کے اگلے 6 برسوں کے لیے اپنا ایک ایسا وژن پیش کرتا ہے ، جس کا مقصد صحت کی تعلیم، تحقیق اور کمیونٹی کے ساتھ رابطے میں ترقی پر مرکوز ہے ۔اسٹرٹیجک پلان کے تحت جدید ترین ٹیکنالوجی اور طبی تحقیق کو نصاب میں شامل کیا جائے گا، پلان میں صحت کی خدمات کی ترسیل کو جدید بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر زور دیا گیا ہے تاکہ طلبہ اور طب سے وابستہ پروفیشنلز کو صحت کے شعبے میں ابھرتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے بہتر انداز میں تیار کیا جا سکے ۔ڈاکٹر سہیل راؤ نے کہا کہ اگلے 6 برسوں میں یہ پلان جدید ڈیجیٹل ٹولز، آن لائن تعلیمی پلیٹ فارمز اور ٹیلی میڈیسن کو شامل کرے گا، تاکہ تدریسی طریقوں میں رسائی اور جدت کو یقینی بنایا جا سکے ، عالمی تعاون کو ترجیح دی جائے گی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط کیا جائے گا۔وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی میں نئے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرام شروع کیے گئے ہیں جو بڑھتی ہوئی افرادی قوت کی ضروریات کے عین مطابق ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں