انٹرمیں زیادہ نمبر حاصل کرنے والے طلبا کی تحقیقات

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی انٹر بورڈ کے 11ویں جماعت کے کم نتائج پر قائم کمیٹی نے الٹا زیادہ نمبر حاصل کرنے والے طلبا کی تحقیقات کر ڈالی۔
این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی قیادت میں تشکیل دی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے کراچی انٹر بورڈ کے 11ویں جماعت کے نتائج پر تحقیقات مکمل کر لی ہیں جس کے دوران غلطیوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق کمیٹی نے اپنی رپورٹ تیار کر کے سندھ اسمبلی میں پیش کرنے کے لیے 12 فروری کی تاریخ مقرر کی ہے ۔کمیٹی نے انٹر بورڈ کراچی کے نتائج میں صرف 30 فیصد نمبرز حاصل کرنے کے بعد اس کی جانچ پڑتال شروع کی تھی۔ اس دوران این ای ڈی یونیورسٹی کے ناظم امتحانات نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انٹر بورڈ کراچی کے دفتر پر پیر کو چھاپہ مارا اور امتحانی سیکشنز میں این ای ڈی کے ملازمین کو تعینات کر دیا تھا۔کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا کہ نتائج میں بعض غلطیوں کی نشاندہی کی گئی ہے ، جن میں کتابوں کی فراہمی اور سلیبس کے بروقت مکمل نہ ہونے کے مسائل شامل ہیں۔وائس چانسلر این ای ڈی ڈاکٹر سروش لودھی کی قیادت میں کی جانے والی اس تحقیقات میں سفارشات تیار کی گئی ہیں تاکہ آئندہ اس طرح کی مشکلات سے بچا جا سکے ۔کمیٹی میں دو نئے اراکین شامل کیے گئے ہیں جن میں چیئرمین چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی نعمان احسن اور این ای ڈی یونیورسٹی کے ناظم امتحانات صفی احمد ذکی شامل ہیں۔