جامعہ اردو کا مالی بحران ،ملازمین تنخواہوں سے محروم

کراچی(این این آئی)وفاقی اردو یونیورسٹی عبدالحق کیمپس کی انجمن اساتذہ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں یونیورسٹی کے گمبھیر مالی بحران، اساتذہ و ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی، جبری برطرفیوں اور انتظامیہ کی نااہلی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ عید سے قبل تمام اساتذہ و ملازمین کی تنخواہیں،ہاؤس سیلنگ، پنشن اور ریٹائرمنٹ کے بقایاجات فوری ادا کیے جائیں۔ اساتذہ نے وائس چانسلر ظابطہ خان شنواری کی غیر موجودگی پر شدید اعتراض اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں یونیورسٹی میں موجود رہنے کا پابند کیا جائے تاکہ مسائل کا فوری حل ممکن ہو۔اساتذہ نے عدالتی احکامات کے باوجود مخصوص ملازمین بشمول وائس چانسلر کو بائیو میٹرک حاضری سے مستثنیٰ قرار دینے کی مذمت کی اور کہا کہ اس غیر شفاف اور متنازعہ نظام کو فوری طور پر شفاف بنایا جائے ۔انجمن کے مطابق، وائس چانسلر کے دور میں یونیورسٹی کا بحران مزید سنگین ہوگیا ہے ۔ ملازمین کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ گزشتہ نو ماہ سے ہاس سیلنگ ادا نہیں کی گئی، دو ماہ سے تنخواہیں رکی ہوئی ہیں اور میڈیکل سہولیات مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں۔ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور بقایاجات کی عدم ادائیگی کو وائس چانسلر کی کھلی نااہلی قرار دیتے ہوئے انجمن نے وفاقی محتسب کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔