نہال ہاشمی کا بجلی یونٹ 20روپے تک لانے کادعویٰ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کے لئے بڑے ترقیاتی پیکج کی خوش خبری سنادی، بجلی کی فی یونٹ قیمت بھی جلد 20 روپے تک لانے کا دعویٰ بھی کیا ہے ۔
کراچی میں مسلم لیگ ن ہاؤس میں پریس کانفرنس میں انہوں نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف کی حکومت ختم ہوئی تو ملک میں ترقی کا سفر رک گیا تھا۔ مسلم لیگ ن کی پچھلی حکومت میں بجلی فی یونٹ قیمت 18 روپے تھی جو تحریک انصاف کی حکومت میں بڑھ کر 40 روپے تک جاپہنچا۔ میاں نواز شریف صاحب کی پچھلی حکومت میں زیر گردشی قرضہ ختم کردیا تھا، تحریک انصاف کے چار سالہ حکومت نے زیرگردشی قرضے کا نیا پہاڑ کھڑا کیا۔ مسلم لیگ کی حکومت نے صنعتی صارفین اور گھریلو صارفین کو بجلی کی قیمت میں ریلیف دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے وسائل کسی کو چوری نہیں کرنے دینگے ۔ کچھ دوست حکومتی اقدامات پر تنقید کررہے ہیں، بجلی کی قیمت میں کمی کے ثمرات پورے پاکستان کے لئے ہے ۔ شہر میں جاری لوڈ شیڈنگ سے متعلق سوال پر نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک ملکی نظام اور آئین سے باہر نہیں ہے ، وزیر اعظم شہباز شریف نے بڑے بڑوں کو سیدھا کردیا ہے کے الیکٹرک کیا چیز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کے الیکٹرک نے رویہ ٹھیک نہیں کیا تو ہمیں ٹھیک کرنا آتا ہے ۔