لاڑکانہ:ڈاکو دکان سے 3لاکھ روپے ،موبائل فونز لے اڑے

لاڑکانہ:ڈاکو دکان سے 3لاکھ روپے ،موبائل فونز لے اڑے

لاڑکانہ ،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) صوبہ سندھ کے شہروں لاڑکانہ اور جھڈو میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ تین الگ الگ واقعات میں شہری اپنی قیمتی اشیاء اور نقدی سے محروم ہو گئے۔

 لاڑکانہ کے تھانہ ولید کی حدود ناکہ نمبر سات پر واقع ایک ایزی لوڈ شاپ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد گھس آئے اور دکان مالک شہزاد چھجڑو کو یرغمال بنا کر تین لاکھ روپے سے زائد نقدی اور سات موبائل فونز لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ واقعے کے خلاف دکاندار نے دیگر تاجروں کے ساتھ مل کر سڑک پر دھرنا دیا اور ٹائر جلا کر بدامنی کے خلاف احتجاج کیا۔ پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔ دوسری جانب لاڑکانہ شہر کے تھانہ سول لائن کی حدود وی آئی پی روڈ پر نامعلوم چوروں نے این آئی سی وی ڈی اسپتال میں مریض کے علاج کے لیے آنے والے تحصیل رتوڈیرو کے گاؤں سالار بھٹو کے رہائشی وقار حسین بھٹو کی کار کے تالے توڑ کر گاڑی چوری کرلی۔ متاثرہ شہری نے حکام سے اپیل کی ہے کہ چوروں کو گرفتار کرکے اس کی کار واپس دلائی جائے۔ ادھر جھڈو کے علاقے عابد کالونی میں بھی ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جہاں تین مسلح افراد نے ٹنڈو جان محمد کے رہائشی حیدر علی آرائیں کو اسلحے کے زور پر روک کر اس سے 25 ہزار روپے نقدی، موبائل فون اور 2016 ماڈل موٹرسائیکل چھین لی۔ اطلاع پر جھڈو پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔رہائشیوں نے بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ امن و امان کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں