ملیر ٹاؤن میں ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے ریلیف کیمپس قائم

 ملیر ٹاؤن میں ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے ریلیف کیمپس قائم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین ملیر ٹاؤن جان محمد بلوچ نے کہا کہ ملیر ٹاؤن میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے فوری طور پر شاہراہوں، بس اسٹاپس اور دیگرمقامات پر ہیٹ اسٹروک کیمپس لگائے گئے ہیں۔

کیمپ میں عوام کو گرمی سے بچاؤ کی تمام تر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،ٹاؤن انتظامیہ شدید گرمی میں عوام کو ہیٹ ویوز سے بچانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے ، عوام کو شدید گرم موسم میں بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جائے تاکہ زندگیوں کو محفوظ بنایا جاسکے ، عوام کو ہر وہ سہولت فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے جو ان کا بنیادی حق ہے ۔ ان خیالات کا اظہارچیئرمین ملیر ٹاؤن جان محمد بلوچ نے ملیر ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے قائدآباداور ملیر 15پر لگائے گئے کیمپوں پر ٹھنڈا پانی و دیگر مشروبات پلاتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمیونسپل کمشنر آغا سمیر خان درانی، سپرنٹنڈنٹ انجینئر رحمت اللہ میمن، ڈائریکٹر سینی ٹیشن نصیر ایوب،ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن سلمان قادری،انفارمیشن آفیسر سلیم خان اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے ۔چیئرمین ملیر ٹاؤن نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ہیٹ ویو سے محفوظ رکھنے کیلئے ڈسپنسریز میں بھی اقدامات کئے جائیں۔چیئرمین ملیر ٹاؤن جان محمد بلوچ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام شدید گرمی میں غیر ضروری گھر سے نہ نکلیں اور اگر گھر سے نکلنا ضروری ہوتو سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں