چرم قربانی : کالعدم تنظیموں کو روکنے کی حکمت عملی تیار

چرم  قربانی  :  کالعدم  تنظیموں  کو  روکنے  کی حکمت  عملی  تیار

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)عیدالاضحیٰ کے موقع پر کالعدم جماعتوں کی جانب سے نام بدل کر یا کسی دوسرے ذرائع سے قربانی کی کھالیں جمع کرنے سے روکنے کیلئے ۔۔

پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حکمت عملی تیار کرلی ،باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں ایسے مشکوک مدارس کی بھر پور نگرانی بھی کی جائے گی ۔ باخبر ذرائع کے مطابق عید قرباں کے موقع پر شہر قائد میں ہونے والی جانوروں کی قربانیوں اور ان کی کھالوں کو سماج دشمن عناصر کے ہاتھ نہ لگنے دینے کیلئے پولیس ،کاؤنٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)اور دیگر خفیہ اداروں نے اپنی اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم جماعتوں کے حوالے سے گزشتہ سال بھی پولیس کو انٹیلی جنس معلومات موصول ہوئی تھیں کہ انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں سے مدارس اور تنظیم کانام بدل کر کھالیں جمع کی ہیں ،لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس بار ٹھان لیا ہے کہ کالعدم جماعت کے کارندوں اور ان کے سہولت کار کر اس بار ایسا کرنے نہیں دیا جائے گا ،سی ٹی ڈی کے ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق شہر کے مضافاتی اور پوش علاقوں میں قائم ایسے 8سو سے زائد مدارس کی لسٹ تیار کرلی ہے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں سے غلط بیانی کرکے کھالیں جمع کرتے ہیں اور انہیں فروخت کرنے کے بعد اس کی رقم کالعدم جماعت کو فراہم کردیتے ہیں ،سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے مدارس کی مکمل نگرانی ہوگی اور کھالیں جمع کرنے سے ان کے فروخت اور مذکورہ کہاں خرچ کی گئی ہے تمام تفصیلات جمع کی جائیں گی اور غلط بیانی یا چالاکی دکھانے والوں کو دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا جائے گا ،پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم جماعتوں کے سہولت کار عید قرباں پر مختلف تنظیمیں بنا کر اجتماعی قربانی کا انتظام کرتے ہیں اور بعد میں قربانی کئے گئے جانوروں کی کھالیں ،وہ اپنے مذموم مقاصد میں استعمال کرتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بار ایسے لوگوں سے بھی سخت باز پرس کرنے کی تیاریاں کرلی گئی ہیں جو انفرادی طور پر کالعدم جماعت کے لوگوں کو کھالیں دیتے ہیں ،اس کام کیلئے تقریباً پورے شہر میں مخبر وں کا جال بھی بچھا دیاگیا ہے اور تھانوں کی پولیس کے ساتھ ،اسپیشل برانچ اور دیگر اداروں کو بھی متحرک کردیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں