میرپورخاص :مینگو فیسٹیول یکم جون سے شروع، تقریبات کا اعلان
میرپورخاص (بیورو رپورٹ)سندھ حکومت کی جانب سے 57 واں سالانہ مینگو اینڈ سمر فروٹ فیسٹیول یکم جون سے میرپورخاص میں منعقد کیا جائے گا۔۔
جو تین روز تک جاری رہے گا۔ فیسٹیول کے انتظامات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔اس حوالے سے ایک اجلاس صوبائی وزراء سید ذوالفقار علی شاہ، محمد علی ملکانی، میر انور علی تالپور اور دیگر افسران کی زیر صدارت ہوا جس میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر، میئر میرپورخاص اور سیکیورٹی اداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیسٹیول کے حوالے سے سیکیورٹی، انتظامات اور سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔فیسٹیول میں مختلف اقسام کے آموں کی نمائش، ہینڈی کرافٹ، ثقافتی اشیاء کے اسٹالز، لائیو اسٹاک شو اور میوزیکل نائٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ مئیر میرپورخاص عبدالرؤف غوری کے مطابق عوام کے لیے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ محکمہ اطلاعات، زراعت، ثقافت اور لائیو اسٹاک مکمل تعاون کریں گے ۔صوبائی وزیر ثقافت ذوالفقار علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس فیسٹیول سے مقامی آبادگاروں اور مارکیٹ کو فائدہ پہنچے گا جبکہ میرپورخاص میں سیاحت اور ثقافت کو فروغ ملے گا۔ ہر سال کی طرح امسال بھی اندرون سندھ اور دیگر شہروں سے ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔