ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے جی ٹی ایس پر شجرکاری مہم کا آغاز کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈطارق علی نظامانی نے ٹرانسفر گاربیج اسٹیشن (جی ٹی ایس امتیاز)ضلع شرقی میں شجرکاری مہم کا آغاز کردیا۔
جی ٹی ایس کی حدود میں تقریباً200 پودے لگائے جائیں گے جس میں نیم، بادام، گل موہر و دیگر متعدد اقسام کے پودے شامل ہیں۔اس موقع پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کہا کہ ہمارا وژن صفائی ستھرائی کے میعار کو برقرار رکھنے کے ساتھ شہریوں کوآلودگی سے پاک صحتمند ماحول فراہم کرنا بھی ہے ۔ ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لئے درخت بہت اہم ذریعہ ہیں۔انہوں نے جی ٹی ایس پر پودے لگا کر مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن فیضان نواز و نجی کمپنی کے افسران موجود تھے ۔ طارق علی نظامانی نے کہا کہ سوئیپ پروجیکٹ کے زیر انتظام مارڈرن جی ٹی ایس امتیاز اور اس کے علاوہ تین مزید جی ٹی ایس کی تعمیروترقی کا کام جاری ہے ، سوئیپ کے تحت تمام پروجیکٹ جلد مکمل کئے جائیں گے ۔ مارڈرن جی ٹی ایس کا مقصد کچرے کوباؤنڈری وال کے اندرالگ الگ کرکے محفوظ طریقے سے لینڈ فل سائٹ پہنچایا جائے گا تاکہ ماحول اور بالخصوص اطراف کی آبادی کو آلودگی سے محفوظ رکھا جا سکے ۔جی ٹی ایس میں کچرے کو علیحدہ کرنے والے ایریا کے اطراف میں پودے اور درخت لگا کر سرسبزو شاداب بنایا جائے گا۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کہا کہ ہمارا عزم صاف، سرسبز اور خوشحال سندھ ہے اور اس مقصد کے لئے متعدد اقدامات پرکام جاری ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں جلد مثبت تبدیلی نظر آئے گی۔ اس سلسلے میں شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ شہر کو صاف رکھنے میں تعاون کریں۔