سکھر : زائد کرایہ وصولی پر ٹرانسپورٹرز پر ہزاروں روپے جرمانہ

سکھر(این این آئی)پردیسیوں کی کام پر واپسی شروع، ٹرانسپورٹرز ایک بار پھر زائد کرایہ وصول کرنے کیلئے سرگرم، محکمہ ٹرانسپورٹ بھی متحرک ہوگیا، کئی مقامات پر کارروائیاں، ٹرانسپورٹرز پر ہزاروں روپے کے جرمانے عائد، مسافروں سے لیا گیا ہزاروں روپے اضافی کرایہ بھی واپس کرا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق عید اپنوں میں کرنے کے بعد اب پردیسیوں کی کام پر واپسی شروع ہوگئی ہے ، جبکہ مسافروں کی واپسی پر ٹرانسپورٹرز اضافی کرایہ لینے کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں ۔ جس پر سندھ کے سینئر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن اور سیکریٹری اسد ضامن کی خصوصی ہدایات پر محکمہ ٹرانسپورٹ ایک بار پھر متحرک ہوگیا ہے ۔ صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن، سیکریٹری اسد ضامن، کمشنر سکھر فیاض عباسی اور ڈی سی ایم بی راجہ دھاریجو کی خصوصی ہدایات پر محکمہ ٹرانسپورٹ سکھر کے سیکریٹری وسیم میمن نے اپنے عملے کے ہمراہ موٹروے پولیس کی مدد سے سکھر اور روہڑی بائی پاس پر کراچی سے آنے اور جانے والی مسافر کوچز اور دیگر گاڑیوں کی چیکنگ شروع کردی ہے ۔ سیکریٹری وسیم میمن کے مطابق چیکنگ کے دوران متعدد ٹرانسپورٹرز پر زائد کرایہ وصول کرنے پر ہزاروں روپے کا جرمانہ عائد کردیا گیا۔ جبکہ ان کی جانب سے مسافروں سے لیا گیا ہزاروں روپے کا اضافی کرایہ بھی واپس کرا دیا گیا اور ٹرانسپورٹرز کو انتباہ جاری کیا گیا کہ وہ زائد کرایہ لینے سے باز رہیں ورنہ ان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔