اسلام آباد میں جدید سہولیات فراہمی، سائیکل اور پیڈسٹرین ٹریکس بنانے کا فیصلہ
مختلف سیکٹرز میں سائن بورڈز، لین مارکنگ اور ڈیجیٹل پارکنگ کا نظام مزید بہتر بنانے سمیت لینڈ سکیپنگ بھی کی جائے گی سیوریج و ڈرینج سسٹم، مین ہولز اور کرب سٹونز کی تعمیر و مرمت، تجاوزات ختم کی جائیں:چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا سیکٹرز اور کمرشل مراکز میں سیوریج و ڈرینج سسٹم سمیت مین ہولز اور کرب سٹونز کی تعمیر و مرمت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ تمام رہائشی و کمرشل ایریاز سے ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا فوری خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف ایریاز میں موجودہ فٹ پاتھوں پر سائیکل ٹریکس بھی تعمیر کئے جائیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بڑے مراکز میں پیڈسٹرین ٹریکس بھی بنائے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رہائشی سیکٹرز و کمرشل مراکز کی بحالی و اپگریڈیشن اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رہائشی سیکٹرز و کمرشل مراکز کی بحالی و بہتری کے تحت موجود پارکنگ ایریاز، فٹ پاتھوں کی مرمت اور تزئین و آرائش پر ورکنگ جاری ہے۔ کمرشل و کلاس تھری شاپنگ سینٹرز کی اپگریڈیشن کا کام جاری ہے۔ سائن بورڈز، لین مارکنگ اور ڈیجیٹل پارکنگ کا نظام مزید بہتر بنایا جائے گا۔ سیکٹرز و کمرشل مراکز خوبصورت بنانے کیلئے باقاعدہ لینڈ سکیپنگ بھی کی جائے گی۔ محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کے داخلی راستوں کی خوبصورتی اور شہر بھر میں صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے تمام کاموں کی جلد تکمیل اور اعلیٰ معیار ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔