مظہر ہانی نے کوہی گوٹھ اسپتال کی عمارت عطیہ کردی
کراچی(سٹی ڈیسک )ہانی ویلفیئر آرگنائزیشن کے بانی اور ممتاز سماجی کارکن مظہر ہانی نے ریڑھی گوٹھ میں خدیجہ مرحومہ کی یاد میں قائم اپنے چار منزلہ کلینک و اسپتال کی عمارت کوہی گوٹھ اسپتال اور وائٹل پاکستان ٹرسٹ کو عطیہ کردی جہاں اب جدید سہولتوں سے آراستہ اسپتال قائم کیا جائیگا ۔
اس سلسلے میں مظہر ہانی، کوہی گوٹھ اسپتال کے چیئرمین ڈاکٹر شیر شاہ سید اور اکبر راجانی نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ۔ معاہدے کے مطابق کوہی گوٹھ اسپتال کی انتظامیہ یہاں عورتوں اور بچوں کی بیماریوں سے متعلق مکمل مفت سہولتیں اور علاج کے جدید مواقع فراہم کرے گی۔ واضح رہے کہ کوہی گوٹھ میں پہلے ہی خواتین اور بچوں کی صحت سے متعلق ایک جدید اسپتال قائم ہے جبکہ ریڑھی گوٹھ ایک انتہائی پسماندہ علاقہ ہونے کی وجہ سے علاج کی جدید سہولتوں سے محروم تھا۔ ہانی ویلفیئر آرگنائزیشن گزشتہ 20 سال سے ریڑھی گوٹھ میں تعلیم اور صحت کے علاوہ دیگر سماجی خدمات انجام دے رہی ہے اور اب تک ہزاروں بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرچکی ہے جن میں دینی تعلیم حاصل کرنے والے مدرسہ خدیجہ کے بچے بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹر شیر شاہ نے ہانی ویلفیئر آرگنائزیشن کے اس جذبے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ریڑھی گوٹھ جیسے پسماندہ علاقے میں زچہ و بچہ کے پیچیدہ مسائل کو ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں حل کرنے میں مدد ملے گی۔مظہر ہانی نے اس بستی پر جو احسانات کیے ہیں وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔ اب ہم ان کی خدمات میں ان کے ساتھ ہیں۔ یہ تعلیم کا نظام سنبھالیں ، صحت عامہ کوہی گوٹھ اسپتال اور وائٹل پاکستان ٹرسٹ کی ذمہ داری ہوگی۔ اس عمارت میں ضروری مشینری، آپریشن تھیٹر وغیرہ قائم کیے جائیں گے اور علاقے کی بچیوں کو مڈ وائف کے کورسز کرائے جائیں گے ۔ مظہر ہانی نے ڈاکٹر شیر شاہ اور اکبر راجانی کے جذبے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ الحمدللہ بیس سال پہلے جو خواب دیکھا تھا وہ کوہی اسپتال کی انتظامیہ نے ہماری پیشکش قبول کرکے پورا کردیا۔علاقے کی خدمات کا سلسلہ جاری رہے گا۔آرگنائزیشن نے یہاں جو علم کے چراغ جلائے ہیں اس کے اثرات نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں۔