شدید گرمی میں بد تر ین لوڈ شیڈنگ،شہر بھر میں احتجاج، انتظامیہ غائب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں سخت گرمی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا عذاب ، پانی کی عدم فراہمی کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج نظام زندگی درہم برہم ہو گیا۔۔۔
انتظامیہ غائب شہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں بجلی کی طویل دورانیہ کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور گرمی بڑھتے ہی مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ مزید بڑھا دیا گیا ہے جس کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا ۔شہر کی اہم ترین شاہراہ ایم اے جناح روڈ عید گاہ کاچوک پر رنچھوڑ لائن، رامسوامی، اسلم روڈ اور اطراف کے مکینوں اور تاجروں نے احتجاج کیا جس کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ برنس روڈ ،اردو بازار ،صدر اور اطراف کے علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہو گیا علاقہ مکینوں کے مطابق ان کے علاقے میں گرمی بڑھتے ہی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بعدازاں پولیس سے مذاکرات کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے ۔ادھر لانڈھی مرتضی چورنگی کے قریب بھی بجلی کی عدم فراہمی کے ستائے شہریوں نے احتجاج کیا جس کی وجہ سے علاقے میں ٹریفک جام ہو گیا جبکہ لانڈھی پانچ نمبر پر بھی خواتین اور بچوں نے پینے کے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں تین ماہ سے پانی نہیں آرہا اور وہ مہنگے واٹر ٹینکر کا پانی خرید کر استعمال کرنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے انہیں شدید معاشی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ لانڈھی اور اس کے اطراف کو علاقوں کا پانی واٹر بورڈ کے اہلکار بھاری رشوت کے لانڈھی انڈسٹریل زون کو فراہم کر رہے ہیں جس وجہ سے ان کے علاقے میں پانی کی قلت ہے ۔