ہر یوسی کیلئے 3کروڑ روپے مختص کرنے کا مطالبہ
کراچی(این این آئی)اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب کا کراچی کے لیے کوئی وژن نہیں ہے ۔مرتضیٰ وہاب کا یہ پانچواں بجٹ ہے ، دو بجٹ ایڈمنسٹریٹر کے طور پر پیش کرچکے ہیں۔
بجٹ پر بجٹ آ رہے ہیں شہر تباہی کی طرف جارہا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کی ہر یوسی میں ترقیاتی اسکیموں کے لیے 3کروڑ روپے مختص کیے جائیں،تمام صوبائی و ضلعی اے ڈی پی بکس اور اسکیموں کا فارنزک آڈٹ کروایا جائے ،دوسال میں ایک بھی ترقیاتی اسکیم سٹی کونسل کے سامنے پیش نہیں کی گئی۔نئی اے ڈی پی میں 116اسکیمیں صرف پیپلز پارٹی اور اتحادیوں کی یوسیز کی شامل کی گئی ہیں، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی یوسیز میں کوئی اسکیم نہیں شامل کی گئی جبکہ جماعت اسلامی کے پاس 9ٹاؤنز اور 85یوسیز ہیں اگر ان کے لیے اے ڈی پی میں اسکیم نہیں رکھی جائے گی تو پھر پیپلزپارٹی بتائے کہ یہ کام کہاں کرائے گی؟،حیرت ہے کہ کام کئے بغیر اسکیمیں پوری ہوگئیں اور پیسے بھی ادا کردیے ۔انہوں نے کہا کہ اشتہاروں کے شعبے میں بے تحاشا کرپشن ہورہی ہے ، ہمیں اس بات کا واضح جواب چاہیے کہ اس شعبے میں وزیروں،چیئر مینوں،میئر کے کونسے رشتہ دارلگے ہوئے ہیں؟اورحاصل شدہ رقم کہاں جارہی ہے ۔ ایم سی کی جانب سے وصول کیے گئے تمام ٹیکسز یونین کمیٹیوں پر خرچ ہونے چاہئیں، شہر کے اسپتالوں کو اپ گریٹ جائے ، عباسی شہید اسپتال کو شہر کا ماڈل اسپتال بنایا جائے ۔