محرم کے دوران رینجرز وپولیس کے مشترکہ فلیگ مارچ کا فیصلہ

محرم کے دوران رینجرز وپولیس کے مشترکہ فلیگ مارچ کا فیصلہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) میں ایک اعلیٰ سطح کاسیکیورٹی اجلاس ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد شمر یز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں کراچی شہر کی امن و امان کی صورتحال بالخصوص محرم الحرام کے انتظامات کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس میں آئی جی سندھ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، جوائنٹ ڈی جی آئی بی، ڈی آئی جی (سی ٹی ڈی،سی آئی اے ، اسپیشل برانچ، ویسٹ، ساؤتھ، ایسٹ، ٹریفک، حیدر آباد، سکھر،لاڑکانہ)، ہو م ڈپارٹمنٹ،پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے کیے گئے لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ رینجرز اور پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے دوران مشترکہ فلیگ مارچ اوراسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے گا،تمام مکاتب فکر کے اجتماعات، مجالس اورجلوسوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ ڈی جی رینجرز سندھ نے کہا کہ مکمل ہم آہنگی اور موثر انٹیلی جنس شیئر نگ کے ذریعے کسی بھی خطر ے کو قبل ازوقت ناکام بنایا جائے اور صوبے کی بین الصوبائی داخلی وخارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید سخت کیے جانے کی بھی ہدایت جاری کیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی طے پایا کہ منظور شدہ ضابطہ عمل پر مکمل عمل در آمد یقینی بنایا جائے گا۔ علماء کرام اور عوام سے اپیل ہے کہ قیام امن کیلئے  اداروں سے بھر پور تعاون کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں