بارشوں نے حکومتی دعووں کا پول کھول دیا،ثروت قادری

 بارشوں نے حکومتی دعووں کا پول کھول دیا،ثروت قادری

کراچی(این این آئی) حکومت صرف زبانی کلامی باتیں کر کے عوام کو بھلا دیتی ہے ۔متعلقہ محکمہ کی کارکردگی نے ایک بار پھر عوام کو مایوس کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے مقامی این جی اوز کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کرتے ہوئے کیا۔ملاقات کے لیے آنے والے وفد نے ثروت اعجاز قادری کو شہر کی صورتحال سے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ اور میئر کراچی سب اچھے کی رپورٹ دے رہے ہیں مگر صورتحال اس کے برعکس ہے ۔ثروت قادری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارش کا پانی کھڑا رہنے کی وجہ سے ٹوٹی پھوٹی سڑکیں دلدل کی صورتحال اختیار کر گئی ہیں۔گاڑی پر سفر کرنا تو دور کی بات پیدل چلنا بھی محال ہے ۔حکومت نے ایک بار پھر عوام کو لولی پاپ دکھایا ہے ۔وقت سے پہلے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے آج ہر کسی کو پریشانی کا سامنا ہے ۔ثروت اعجاز قادری نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ بارشوں نے حکومتی دعووں کا پول کھول دیا ہے ۔عید الاضحی پر صاف کیے جانے والے نالوں کا کچرا نہ اٹھانے کی وجہ سے گندگی اور غلاظت کے ڈھیر ہر طرف نظر آرہے ہیں۔وبائی امراض بھی پھیلنے کا اندیشہ بڑھ گیا ہے ۔حکومت ہمیشہ عوام کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کرتی ہے ۔اندرونی علاقوں کی گلیوں کا یہ حال ہے کہ ہر طرف تالاب کا منظر نظر آرہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں