میرپورخاص :یونین کونسل سطح پر رسک مینجمنٹ پلان پیش

 میرپورخاص :یونین کونسل سطح پر رسک مینجمنٹ پلان پیش

میرپورخاص(نمائندہ دنیا )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو میرپورخاص فیصل علی سومرو نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیاں تیز ہو رہی ہیں جس کے اثرات پاکستان کے شہری اور دیہی علاقوں پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔۔۔

 ان تبدیلیوں کے نتیجے میں شدید بارشیں، ماحولیاتی آلودگی اور ناآگہانی آفات میں اضافہ ہوا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکیور اسلامک فرانس (SIF)کے تعاون سے منعقدہ یونین کونسل سطح پر خطرات و آفات سے نمٹنے کی تیاری کے عنوان پر ایک مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی خطرات سے بچاؤ کے لیے تمام اداروں کو پیشگی انتظامات اور منظم منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ پیشگی خطرات سے بچاؤ کے لیے مربوط سسٹم متعارف کروایا جائے ۔ پراونشل، ضلعی اور تعلقہ سطح پر ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، آبپاشی، ڈرینیج اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہم آہنگی سے کام کرنا ہوگا تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ورکشاپ میں پروجیکٹ کنسلٹنٹ کاشف علی صدیقی اور SIF کے پروگرام مینیجر لالا نیل امبر نے بتایا کہ تحصیل سندھڑی کے نشیبی اور بارش سے متاثرہ علاقوں سرھل اور گرہوڑ شریف کے لیے یونین کونسل رسک مینجمنٹ پلان تیار کیا گیا ہے ، جس میں بارشوں سے نمٹنے کے طریقہ کار،اداروں کی ذمہ داریاں اور مشترکہ حکمت عملی کو شامل کیا گیا ہے ۔ورکشاپ میں محکمہ صحت، تعلیم، لائیو اسٹاک،سوشل ویلفیئر، اطلاعات و دیگر سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی،جن میں شہزادو ملک، محمد بخش کپری، شیر محمد سولنگی اور خالد حیدر شامل تھے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں