سندھ :آج یوم عاشور عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائیگا

 سندھ :آج یوم عاشور عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائیگا

حیدرآباد (نمائندگان دنیا، بیورو رپورٹ) حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں آج یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائیگا۔

 صوبے بھر میں مختلف امام بارگاہوں سے مرکزی و ذیلی جلوس برآمد ہوں گے ،عزاداروں کی حفاظت کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے جب کہ جلوس کے راستوں پر واک تھرو گیٹس، قناطیں اور خاردار تاریں لگا کر سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا۔اونچی عمارتوں اور جلوس کی گزرگاہوں پر پولیس و رینجرز کے شوٹرز تعینات، دکانیں اور گلیاں سیل کردی گئیں ۔حیدرآباد میں یوم عاشورہ کا مرکزی ماتمی جلوس انجمن حیدری کے زیر اہتمام قدم گاہ مولاعلی سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا دادن شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ اس مرکزی جلوس میں شہر بھر کی چھوٹی بڑی انجمنوں کے جلوس بھی شامل ہو نگے ، جن میں امام بارگاہ گل شاہ رضویہ گھاڑی کھاتہ سے انجمن رضویہ کا جلوس، اللہ داد چنڈ گوٹھ سے کریم بخش میرجت کا پڑ، ٹنڈو میر محمود ٹنڈو آغا سے جماعتیوں کا جھولے پاک والا پڑ، درگاہ اشرف علی شاہ پکا قلعہ سے ایلیکاٹ کا پڑ، اسٹیشن روڈ سے مرحوم یعقوب قصائی کا پڑ، لجپت روڈ سے امام علی شاہ شیرازی کا پڑ، درگاہ سید چھٹن شاہ بخاری سے سید امیر شاہ بخاری کا پڑ، کھائی روڈ سے خیر شاہ، ولایت علی شاہ، نہال شاہ کے پڑ، ٹنڈو ولی محمد سے شیدیوں اور بڑدیوں کے پڑ، ریشم گلی سے پرور شاہ کا پڑ، صرافہ شاہی بازار سے جمن شاہ کا پڑ، ٹنڈو ٹھوڑو سے مرزا عابد حسین کا پڑ، کچھی محلہ پھلیلی پار سے دین محمد کچھی کا پڑ، بھٹی گوٹھ ریلوے پھاٹک سے کچھیوں کا پڑ، عزاخانہ زینبیہ بلدیہ کالونی سے ماتمی جلوس بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں روہڑی ،سکھر ،لاڑکانہ ،نوڈیرو،محراب پور،جیکب آباد سمیت صوبے بھر میں مجالس منعقدہوں گی اور ماتمی جلوس نکالے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں