بھارت کو آبی دہشت گردی پر منہ کی کھانی پڑے گی، نثار کھوڑو
لاڑکانہ (بیورورپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے خلاف ثالثی عدالت کا حالیہ فیصلہ نہ صرف پاکستان کے مؤقف کی تائید ہے بلکہ بلاول بھٹو زرداری کی عالمی سطح پر سفارتی کامیابی کا ثبوت بھی ہے ۔
اپنے جاری کردہ بیان میں نثار کھوڑو نے کہا کہ بھارت کو اس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کا نہ کوئی آئینی اختیار حاصل ہے نہ قانونی، کیونکہ سندھ طاس معاہدے میں ایسی کوئی شق موجود ہی نہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت اگر آبی دہشتگردی کے ذریعے پاکستان کے پانی کو بند کرنے کی کوشش کرے گا تو اسے ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ پانی پاکستان کی لائف لائن ہے ، اگر بھارت نے اسے چھیڑا تو پاکستان خاموش تماشائی نہیں بنے گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا فیصلہ واپس لے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے عالمی قوانین کا احترام نہ کیا تو اسے بین الاقوامی سطح پر بھی رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ دریائے سندھ کے پانی پر پہلا حق سندھ کا ہے اور سندھ اپنے پانی پر کسی کو بھی ڈاکہ ڈالنے نہیں دے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت 1991 کے پانی معاہدے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائے اور کوٹری ڈاؤن اسٹریم میں کم از کم 10 ملین ایکڑ فٹ پانی چھوڑا جائے۔