جو روزِ عاشورا کو سمجھ گیا وہ روزِ قیامت کو نہیں بھولے گا ،علامہ شہنشاہ نقوی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) مرکزی عشرہ محرم الحرام کی نویں مجلس عزا سے نشتر پارک میں خطاب کرتے ہوئے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے کہاہے کہ قیامت ایک ایسی حقیقت ہے جس پر ہر آسمانی دین اور ہر پیغمبر نے یقین دلایا ہے۔
قیامت کا ایک نام یوم الحسرۃ بھی ہے یعنی حسرت کا دن وہ دن ظالم کے لیے حسرت کا ہوگا کہ کیوں حق کا ساتھ نہ دیا اور محبِّ حسین کے لیے فخر و اطمینان کا دن ہوگا کہ اس نے حسینؓ کے کاروان کا ساتھ دیا روایات میں ہے کہ جب قیامت برپا ہوگی تو سب انبیاء،اولیاء اور شہداء اپنی اپنی منزلوں پر ہوں گے ۔قیامت کی تیاری کا سب سے سچا راستہ یہی ہے کہ انسان حسینی بن جائے جو کربلا کو سمجھے گا وہ محشر میں شرمندہ نہ ہوگا جو آنکھ دنیا میں حسینؓ پر گریہ کرتی ہے وہ آنکھ قیامت میں اندھی نہ ہوگی اہلِ بیت کے چاہنے والے روزِ قیامت نور کے ساتھ اٹھائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حسینؓ کی قربانی محض ایک تاریخ نہیں بلکہ قیامت کی روشنی ہے وہ جو روزِ عاشورا کو سمجھ گیا وہ روزِ قیامت کو نہیں بھولے گا ،قیامت کا کارواں حسینؓ کے قدموں کے نشان پر ہی چل کر نجات پائے گا ۔