سندھ حکومت کی غفلت سے لیاری میں جانی و مالی نقصان ہوا،آفاق احمد
کراچی (این این آئی)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے لیاری میں عمارت گرنے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مخدوش عمارتوں کو خالی کروانا اور رہائشیوں کو متبادل رہائش فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
پیپلز پارٹی کی حکومت جانی و مالی نقصان کے بعد تحقیقاتی کمیٹیاں بنانے میں جتنی تیزی دکھاتی ہے اگر اتنی ہی تیزی بوسیدہ عمارتیں خالی کروانے میں دکھائے تو ایسے دلخراش واقعات سے بخوبی بچا جاسکتا ہے ۔ آفاق احمد نے کہا کہ گرنے والی بلڈنگ میں رہنے والے 6 خاندانوں کے جو ایک درجن لوگ اس حادثے میں جاں بحق ہوئے اسکی ذمہ داری سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے ، صوبائی و شہری حکومت پیپلز پارٹی کی ہے اس لئے مجرمانہ غفلت کی پوری ذمہ دار بھی وہی ہے ۔ آفاق احمد نے کہا کہ گذشتہ 16سالوں سے مسلسل حکومت کرنے والوں نے شہر کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے ، اولڈ سٹی ایریا میں ایسی بہت سی عمارتیں اب بھی موت کاپھندہ بنی کھڑی ہیں، حکومت مخدوش عمارتوں کو خالی کروا کر مکینوں کو اسکا متبادل فراہم کرے ۔