شہر کا امن وامان ہماری ترجیح ہے ،صوبائی وزیر داخلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر،اے پی پی)سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے سندھ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کوفول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر سکیورٹی کے تمام معاملات کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی جلوس کے راستوں پر منتخب بلند و بالا عمارتوں پر واچ ٹاورز اور سنائپرز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے اور پرامن اور محفوظ محرم کے لیے تمام تر اقدامات میں علمائے کرام کا کردار بھی یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجالس اور جلوسوں سے واپس گھروں کو لوٹنے والے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں کسی قسم کی غفلت یا لاپروائی ناقابل قبول ہوگی۔علاوہ ازیں وزیر داخلہ نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، سینیٹر وقار مہدی اور آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے ہمراہ نمائش، نشتر پارک، حسینیاں ایرانیاں کھارادر اور اطراف میں سکیورٹی کا جائزہ لیا۔آئی جی سندھ پولیس نے وزیر داخلہ کو سکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی۔وزیر داخلہ اور میئر کراچی نے جلوس کے منتظمین سے ملاقات میں جلوس کی سکیورٹی اور دیگر متعلقہ امور پر گفتگوکی ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کا امن وامان ہماری ترجیح ہے ۔ اس موقع پر میئر کراچی نے وزیر داخلہ کو بتا یا کہ جلوس کی گزر گاہوں پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے ،گزر گاہوں اور انکے اطراف روشنی کا مناسب انتظام کیا گیا ہے ۔