پسند کی شادی پر گھر میں فائرنگ، ماموں بھانجا قتل،ملزمان لڑکی لیکر فرار
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)منگھوپیر تھانے کی حدود میں ناردرن بائی پاس گلشن چوک محمد خان کالونی میں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 2افراد موقع پرجاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 30 سالہ شمن علی ولد عبدل اور40 سالہ اسحاق حسین ولد بالاج جتوئی اورزخمی کی شناخت 45 سالہ حبیب ولد بالاج جتوئی کے نام سے کی گئی۔ایس ایچ او منگھوپیر عمران خان کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق شمن علی اورمحمد اسحاق آپس میں ماموں بھانجا ہیں اور فائرنگ سے زخمی حبیب مقتول محمد اسحاق کا سگا بھائی ہے ۔ مقتول شمن علی نے بلوچستان کے علاقے بولان سے صائمہ نامی لڑکی سے بھاگ کرپسند کی شادی تھی اور تین دن پہلے ہی ناردرن بائی پاس گلشن چوک محمد خان کالونی میں رہائش اختیارکی تھی۔ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان بھانجے اور اس کے ماموؤں کا تعاقب کرتے گلشن چوک محمد خان کالونی تک پہنچے ۔ملزمان کو دیکھ کر ماموں بھانجے بھاگے توملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بھانجا شمن علی اور ایک ماموں جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک زخمی ہوگیا، ملزمان صائمہ نامی لڑکی کو لیکر اپنے ہمراہ فرارہوگئے۔ 4 ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوشش کی جا رہی ہیں