اسپیکر کو ہلڑبازی پر نااہلی ریفرنس بھیجنے کا اختیار نہیں،جسٹس وجیہ
کراچی (این این آئی)عام لوگ اتحاد کے رہنما اور سابق چیف جسٹس جسٹس (ر) وجیہ الدین نے چھبیس ایم پی ایز کے خلاف کارروائی کرنے والے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے کردار پر سوال اٹھا دیا ۔
گزشتہ روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کو یہ حق اور اختیار حاصل نہیں کہ وہ محض بدنظمی اور ہلڑ بازی کو جواز بناکر کسی رکن کی نااہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن میں دائر کریں،اگر اسپیکر کو یہ اختیار دے دیا گیا تو کسی بھی بہانے سے مخالفین کی اسمبلی ر کنیت ختم کرنے کی روایت پڑ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس کا یہ مطلب قطعی طور پر نہیں ہے کہ ممبران اسمبلی اپنی ذمہ داریوں کو پس انداز کر کے اجلاس شور وغوغا یا افراتفری کی نذر کر دیں، گو کسی حد تک یہ بھی پارلیمانی روایات کا حصہ ہے جس کے لیے خود ایوان میں سیر حاصل کارروائیوں کے ذیلی قوانین موجود ہیں۔ عام لوگ اتحاد کے رہنما نے کہا کہ کوئی اسمبلی آئین کے تحت ریفرنس کے حوالے سے قواعد و ضوابط بھی نہیں بنا سکتی کیوں کہ نااہلی کے معاملات آئین میں واضح طور پر بیان کیے جا چکے ہیں اور صرف آئینی ترمیم کے ذریعے ہی اس میں تبدیلی کی جا سکتی ہے جو شاید، پھر بھی، آئینی ڈھانچے سے متصادم ہو۔ سابق چیف جسٹس جسٹس (ر) وجیہ الدین نے نے مزید کہا کہ نااہلی کے اطلاق کے لیے آئین اور الیکشن ایکٹ میں موجودہ شرائط اس معاملے میں معاون نہیں ہوتیں اور وہ اس اقدام کے پیچھے منطق سمجھنے سے قاصر ہیں۔