میرپورخاص :مزید 6 مخدوش عمارتوں کی نشاندہی،تعداد13 ہوگئی

میرپورخاص :مزید 6 مخدوش عمارتوں کی نشاندہی،تعداد13 ہوگئی

میرپورخاص (بیورورپورٹ) میرپورخاص میں مخدوش عمارتوں کے سروے کے دوران مزید 6 عمارتوں کی نشاندہی کے بعد تعداد 13 ہوگئی۔

 کمیٹی تشکیل دے دی گئی ، مزید کارروائی کے لیے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران جلد میرپورخاص کا دورہ کرینگے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں مخدوش عمارت گرنے اور کئی اموات کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میرپورخاص میں بھی ہلچل نظر آنے لگی ہے ۔ اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے چیتن لاکھانی نے بتایا کہ مخدوش عمارتوں کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص رشید مسعود خان اور دیگر افسران سے اجلاس ہوئے ہیں جہاں انہیں تمام صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا 13 سال قبل تک شہر کے علاقوں اسٹیشن روڈ پر واقع عثمانیہ ہوٹل، کھری کوارٹر میں باجوہ بلڈنگ، شاہی بازار میں گوردوارہ بلڈنگ، سنار گلی میں قدیم عمارت سمیت دیگر عمارتیں خالی کرنے کے نوٹس جاری کیے گئے تھے مگر مالکان نے تعاون نہیں کیا، اب دوبارہ سروے کے دوران مزید 6مخدوش عمارتیں سامنے آئی ہیں، یہ تعداد اب 13 ہوچکی ہے۔ اس حوالے سے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو سروے کررہی ہے اور بہت جلد کراچی سے ایس بی سی اے کی ایک خصوصی ٹیم بھی ان مخدوش عمارتوں کے حوالے سے میرپورخاص آرہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سے ہم اس حوالے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ واضح رہے کہ میرپورخاص میں اب تک باقاعدہ مستقل بنیاد پر کوئی ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی موجود نہیں ہے ،کئی سال سے یہ اسامی خالی ہے ، جس کی وجہ سے ڈپٹی ڈائریکٹر کام چلا رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں