لیاری میں فراہمی ونکاسی آب کے مسائل حل کرنے کی ہدایت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت لیاری میں فراہمی و نکاسی آب سے متعلق مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطح کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
اجلاس میں سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی سی او او انجینئر اسداللہ خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔اجلاس کے دوران یوسیز چیئرمین نے اپنے علاقوں میں پانی اور سیوریج سے متعلق مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی اور تجاویز پیش کیں ۔اس موقع پر میئر کراچی نے واٹر کارپوریشن کے حکام کو ہدایت جاری کی کہ لیاری کی عوام کو درپیش پانی اور سیوریج کے مسائل کو فوری اور مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے اور واٹر کارپوریشن کو ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھانے کی سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ فراہمی و نکاسی آب کے تمام منصوبوں پر ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں اور ان کی موثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے ۔میئر کراچی نے افسران کو احکامات دیتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندوں کی جانب سے سامنے آنے والی عوامی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور متعلقہ افسران ان کے فوری حل کو اپنی ترجیح بنائیں اجلاس کے اختتام پر واٹر کارپوریشن حکام نے یقین دہانی کرائی کہ لیاری کے مسائل کو اولین ترجیح دی جائے گی۔