نذیر بھٹو پی ایس 86کے صدر منتخب،جیالوں کی ریلی اور جشن
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ایس 86 ملیر کے سینئر جیالے نذیر احمد بھٹو کو صدر منتخب کیے جانے پر رزاق آباد، یوسی چوکنڈی سے ہزاروں کارکنوں اور جیالوں نے شاہ لطیف ٹاؤن کی مختلف سڑکوں سے ریلی نکالی، جو شاہ لطیف چوک پر جلسے کی شکل اختیار کرگئی۔۔
اس موقع پر آتش بازی کی گئی، کارکنوں نے پارٹی جھنڈے ، پوسٹرز اور پینا فلیکس اٹھا رکھے تھے جبکہ قیادت اور نذیر احمد بھٹو کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ریلی میں شریک غنی گبول، ہاشم لاشاری، غفار آسکانی، جمیل لاشاری، حفیظ بھٹو، جاوید عارفانی اور دیگر رہنماؤں نے خطاب میں کہا کہ پارٹی قیادت نے سچے اور وفادار جیالے کو صدر منتخب کر کے کارکنوں کا دل جیت لیا ہے ۔ مقررین نے بلاول بھٹو ، آصف زرداری، فریال تالپور اور نثار کھوڑو کا شکریہ ادا کیا۔نومنتخب صدر نذیر احمد بھٹو نے کہا کہ پارٹی قیادت کے اعتماد پر شکر گزار ہوں، کارکنوں کی محبت میرے لیے سرمایہ ہے ۔