میرپورخاص :واپڈا اور بلدیہ کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا
میرپورخاص (بیورو رپورٹ) میرپورخاص میں واپڈا (حیسکو)اور میونسپل کارپوریشن کے درمیان جاری کشیدگی سنگین صورت اختیار کر گئی۔۔
گزشتہ روز بلدیہ کی جانب سے حیسکو کنزیومر کمپلین سینٹر پر تالا لگا دیا گیا، جس پر واپڈا ملازمین مشتعل ہو گئے اور انہوں نے نہ صرف تالا توڑ کر دوبارہ اپنا تالا لگایا، بلکہ بلدیہ کمپلیکس کی بجلی بھی منقطع کر دی۔واقعے کی اطلاع پر واپڈا ملازمین نے میونسپل کمپلیکس پہنچ کر میئر عبدالرؤف غوری کے دفتر کے باہر شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین بعد ازاں احتجاج کے لیے پریس کلب روانہ ہو گئے ۔دوسری جانب میونسپل کمشنر انیس الرحمان سیال نے حیسکو اہلکاروں کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت پر ٹاؤن تھانے میں ایف آئی آر کے لیے درخواست جمع کرا دی، جس میں حیسکو کے کم از کم دس ملازمین کے نام شامل کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق درخواست پر فوری کارروائی اور مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق معاملہ محض تالہ بندی کا نہیں، بلکہ ایک دکان پر تنازع کا ہے جو سبزی منڈی چوک پر واقع ہے اور برسوں سے کمپلین آفس کے طور پر استعمال ہو رہی ہے ۔حیسکو کا دعویٰ ہے کہ وہ قانونی کرایہ دار ہیں جبکہ میونسپل کارپوریشن کا مؤقف ہے کہ یہ جگہ ناجائز طور پر قابض کی گئی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 27 مئی 2024 کو ARK سوسائٹی فار پروٹیکشن آف فنڈامنٹل رائٹس کی جانب سے SE حیسکو کو درخواست دی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ مذکورہ جگہ کا کوئی باضابطہ معاہدہ کارپوریشن کے ساتھ نہیں ہے ۔یکم نومبر 2023 کے میونسپل لیٹر کا حوالہ بھی دیا گیا، تاہم SE حیسکو کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ بعد ازاں یکم جنوری 2025 کو دوبارہ یہی استفسار دہرایا گیا۔اس تمام پس منظر کے بعد، میئر کی ہدایت پر میونسپل کمشنر کی نگرانی میں بلدیہ عملے نے مذکورہ جگہ پر دوبارہ قبضہ حاصل کر لیا۔ پولیس کی موجودگی میں واپڈا ملازمین کی کسی کارروائی کو روکنے کی کوشش کی گئی، مگر کشیدگی برقرار رہی۔ رات گئے حکام کے دباؤ پر SE حیسکو نے بجلی بحال کرنے کے احکامات جاری کیے