ضلع کونسل لاڑکانہ:73کروڑ کا بجٹ پیش،عمارت کی تعمیر کیلئے رقم منظور
لاڑکانہ (بیورو رپورٹ)ضلع کونسل لاڑکانہ کا مالی سال 2025-26 کے لیے بجٹ اجلاس چیئرمین اعجاز احمد لغاری کی صدارت میں منعقد ہوا۔۔
، جس میں آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ پیش کیا گیا۔ پیش کردہ بجٹ کے مطابق متوقع آمدنی 73 کروڑ 34 لاکھ 81 ہزار 203 روپے رکھی گئی ہے جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات 54 کروڑ 5 لاکھ 82 ہزار 785 روپے ہوں گے ۔ بجٹ میں تجویز کردہ بچت 13 لاکھ 98 ہزار 418 روپے ظاہر کی گئی ہے ۔چیئرمین اعجاز لغاری نے بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ ضلعی کونسل کی جانب سے ہر یونین کونسل میں خواتین کو سلائی مشینیں، معذور افراد کو ویل چیئرز، صفائی کے لیے چنگچی لوڈرز، غریب عوام میں نلکے اور بیروزگار نوجوانوں کو چنگچی رکشے فراہم کیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ آر او پلانٹس بھی نصب کیے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اے ڈی پی اسکیمز کے تحت 300 ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے ، جس کے ذریعے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق ہر یونین کونسل میں ترقیاتی کام کیے جائیں گے ۔ انہوں نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے 30 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے ، جس سے ضلعی کونسل لاڑکانہ کی عمارت کی نئے سرے سے تعمیر کی جا رہی ہے ۔اس موقع پر وائس چیئرمین اسد اللہ بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بجٹ ایک متوازن اور بہترین بجٹ ہے ، جس میں اخراجات کو کم کر کے ، ممبران کی تجاویز کو شامل کیا گیا ہے ۔ اجلاس کے دوران ایوان کے اراکین نے صفائی، اسٹریٹ لائٹس، سولر پلیٹس اور بنیادی سہولیات کے حوالے سے متعدد تجاویز پیش کیں، جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔