جماعت اسلامی کے وفد کی ڈی آئی جی ٹریفک سے ملاقات

جماعت اسلامی کے وفد کی ڈی آئی جی ٹریفک سے ملاقات

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ کی قیادت میں جماعت اسلامی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیرمحمد شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔صوبائی نائب امیر وامیرحلقہ کراچی منعم ظفر خان، نائب امیرحافظ نصراللہ چنا،جنرل سیکرٹری محمد یوسف، ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ حزب اللہ جکھرو کراچی کے نائب امیرمسلم پرویز اور معاون خصوصی زاہد حسین راجپر وفدمیں شامل تھے ۔

جماعت اسلامی کے وفد نے انہیں شہرمیں ٹریفک جام ، ڈمپرز حادثات، نمبرپلیٹ تبدیلی کی آڑ میں شہریوں کی تذلیل اور بھاری چالان کاٹنے کی صورتحال پراپنی تشویش سے آگاہ کیا ۔صوبائی امیر کا کہنا تھاکہ اجرک سندھ کی ثقافت وپہچان ہے ہمارااحتجاج شہریوں کے ساتھ توہین آمیزرویہ اورغریب دشمن اقدامات پرہے ۔جماعت اسلامی آئین وقانون پریقین اورہرذمے دارشہری قانون پرعملدرآمداپنافرض سمجھتا ہے ، مگرنمبرپلیٹ کی آڑمیں عوام کی تذلیل ناقابل برداشت اورحقوق انسانی کی خلاف ورزی ہے ۔یہ کہاں کا انصاف ہے کہ موہنجودڑو جیسی سڑکیں اوردبئی ویورپ جیسے قوانین ہوں جوکہ عوام کے ساتھ سراسرظلم ونانصافی ہے ۔اجرک کی علامت ثقافتی فخر ہے ، اسے نیا تنازع نہ بنایا جائے ، مسئلہ اجرت کا نہیں معاشی استحصال کا ہے ۔ ٹریفک پولیس عام لوگوں کی عزت نفس کو پامال کر رہی ہے ، روزانہ لاکھوں روپے بھتہ لیا جا رہا ہے ۔ڈی آئی جی ٹریفک نے جماعت اسلامی وفد کو یقین دلایا کہ وہ سیف سٹی،ٹریفک کے مسائل سمیت نمبرپلیٹ تبدیلی کے سلسلے میں عوام کو ہرممکن ریلیف دینے کے لیے حکمت عملی بنائیں گے ۔ جماعت اسلامی وفد نے اس موقع پر پیرمحمد شاہ سے والدمحترم کی وفات پرتعزیت اورمرحوم کی درجات بلندی کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں