میئر نے کیماڑی میں فش فوڈ اسٹریٹ کا افتتاح کر دیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کیماڑی میں فش فوڈ اسٹریٹ کا افتتاح کر دیا، یہ منصوبہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے شہر میں شہریوں کے لیے ایک منفرد تفریحی مقام فراہم کرنے کی کاوش ہے ۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، رکن سندھ اسمبلی آصف خان، ایم پی اے لیاقت اسکانی،سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمداور دیگر معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ میئر کراچی نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ کیماڑی سی فوڈ اسٹریٹ کی تزئین و آرائش کے منصوبے میں پیور بلاکس 62,000 مربع فٹ رقبے پر لگائے گئے ہیں،ٹف ٹائلز 35,000 مربع فٹ تک بچھائی گئی ہیں، وِکٹورین اسٹائل کے پولز کی تعداد 25 ہے، سیوریج لائن کی تنصیب 1,400 رننگ فٹ مکمل کی گئی ہے ،آرچ اسٹائل داخلی دروازے 2 عدد نصب کیے گئے ہیں،پیچ ورک 1,00,000 مربع فٹ اورکرب اسٹون 3,000 رننگ فٹ تک لگایا گیا،ارد گرد کے علاقوں کی بیوٹیفکیشن کا کام بھی کیا گیا ہے ، 500 رنگ برنگی چھتریوں کی تنصیب کی گئی ہیں، یہ منصوبہ شہریوں اور سیاحوں کے لیے ایک نیا، جدید اور منفرد تفریحی مقام فراہم کرتا ہے جہاں کھانوں کے ساتھ ساتھ خوبصورتی اور سہولت کا بھی خیال رکھا گیا ہے ، کراچی کو مزید خوبصورت اور پرکشش بنانے کے لیے ایسے منصوبے جاری رہیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں ۔