جھڈو :ایل بی او ڈی سیم نالے کے خستہ حال پل خطرے کی علامت
جھڈو (نمائندہ دنیا)جھڈو سے گزرنے والے سیم نالے ایل بی او ڈی پر قائم پل خستہ حالی کے باعث خطرناک صورتحال اختیار کر چکے ہیں۔۔
، جن کی مرمت کے لیے متعلقہ ادارے کی عدم توجہی عوامی تشویش کا باعث بن رہی ہے ۔تعلقہ جھڈو سے گزرنے والے سیم نالے ایل بی او ڈی پر قائم متعدد پل انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو چکے ہیں، خاص طور پر سنجی موری اور گھگھ موری کے مقامات پر واقع پل شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ پلوں کی حفاظتی ریلنگ گر چکی ہے جبکہ پل کے فرش میں بڑے بڑے گڑھے پڑ چکے ہیں، جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے ،اس کے باوجود ان خستہ حال پلوں پر لوڈر ٹرک، ٹریکٹر ٹرالیاں اور دیگر چھوٹی بڑی گاڑیاں بدستور گزر رہی ہیں، جو کسی بھی وقت پلوں کے گرنے یا جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکمہ عرصے سے ان پلوں کی حالت سے واقف ہونے کے باوجود مرمت یا تعمیر کے کوئی اقدامات نہیں کر رہا، جس کے باعث عوام میں سخت بے چینی اور تشویش پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پلوں کی مرمت کا کام شروع کیا جائے ،تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔