سجاول پولیس کی بڑی کارروائی کے دوران کارلفٹر گروہ گرفتار
سجاول،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) سجاول پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کارلفٹر گروہ کے دو کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
اطلاعات کیمطابق سجاول پولیس نے دوران کارروائی تحصیل جاتی کے علاقے مرید کھوسو میں اسلحے کے زور پر گاڑی چھیننے والے دو ملزمان منظور احمد ملاح اور رمضان رند کو دو گھنٹوں کے اندر گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی گاڑی (نمبر AAF-591)، موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی گئی۔ ایس ایس پی علینہ راجپر نے بروقت کارروائی کرنے پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعامات کا اعلان کیا ہے ۔ جیکب آباد، کشمور اور شکارپور میں 36 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب ڈاکو نثار بنگلانی نے پولیس کے سامنے سرنڈر کر دیا۔ ملزم پر اغوا برائے تاوان، قتل، پولیس مقابلے ، دہشت گردی، اور دیگر جرائم کے الزامات تھے ۔ ایس ایس پی محمد کلیم ملک کی زیر قیادت جاری آپریشنز سے متاثر ہوکر ملزم نے ہتھیار ڈالے ۔ پولیس نے باقی ڈاکوؤں کو بھی سرنڈر کرنے کی وارننگ دی ہے۔ سکھر میں تھانہ اے سیکشن کی حدود میں شائستہ بندانی کے قتل میں ملوث اس کے شوہر عبدالسلام بندانی اور دیور راشد بندانی کو گرفتار کرلیا گیا۔ مقدمہ مقتولہ کے بھائی امان اللہ بندانی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا، مزید تفتیش جاری ہے ۔ علاوہ ازیں سیری پولیس نے مین پوری سپلائر پیرو میمن کو بھی گرفتار کرلیا ۔