ناصر حسین شاہ کا اسلام کوٹ کے قریب تھر کول بلاک ٹو کادورہ

 ناصر حسین شاہ کا اسلام کوٹ کے قریب تھر کول بلاک ٹو کادورہ

تھرپارکر (نمائندہ دنیا )سندھ کے وزیر توانائی، منصوبہ بندی و ترقی سید ناصر حسین شاہ نے اسلام کوٹ کے قریب تھرکول بلاک ٹو کا دورہ کیا۔ وہ کراچی سے پرواز کے ذریعے مائی بختاور ایئرپورٹ پہنچے ، جہاں سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے سی ای او عامر اقبال، سائٹ وائس پریزیڈنٹ اور دیگر اعلیٰ افسران نے ان کا استقبال کیا۔

دورے کے موقع پر ایم این اے ڈاکٹر مہیش کمار ملانی، ایم این اے رمیش کمار وانکوانی، فقیر شیر محمد بلالانی، دوست علی راہموں، قاسم سراج سومرو، راج ویر سنگھ اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ناصر شاہ نے تھر فاؤنڈیشن اسپتال اسلام کوٹ میں فیز ٹو کی تعمیر کا افتتاح کیا اور سروائیکل کینسر سے متعلق قومی ویکسینیشن مہم کے حوالے سے آگاہی سیمینار میں شرکت کی۔ اسپتال کے تفصیلی دورے کے دوران انہیں تھر فاؤنڈیشن اور انڈس اسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر نے تھر فاؤنڈیشن ٹی سی ایف اینگرو کیمپس کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیڈرل بورڈ میں اے گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ کو ایوارڈ شیلڈز دیں، جبکہ میٹرک میں کامیاب ہونے والے طلبہ کے لیے نقد انعامات کا بھی اعلان کیا، تاہم عوامی مسائل سننے کے لیے منعقد کی گئی کھلی کچہری مختصر رہی اور وزیر موصوف شکایات سنے بغیر واپس کراچی روانہ ہوگئے ۔ اس پر شہریوں نے مایوسی کا اظہار کیا، جبکہ تھرپارکر سٹیزن فورم نے کمپنیوں کی زیادتیوں اور حق تلفیوں کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں