ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے بھائی اوربہن کی نمازجنازہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے بھائی اوربہن کی نمازجنازہ جامع مسجد نورالسلام نیو کراچی 11D کے باہر سڑک پرادا کی گئی۔
جس میں امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبیٰ، جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، بلدیاتی ذمہ داران، اہلِ محلہ، عزیز و اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ، ہر آنکھ اشکبار تھی۔منعم ظفرخان نے لواحقین سے ملاقات کرکے گہرے رنج و غم اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں منعم ظفر خان نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ شہر میں ٹریفک قوانین کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے ، بھاری گاڑیوں کے لیے اوقاتِ کار کی سختی سے پابندی کروائی جائے ، رہائشی علاقوں میں اسپیڈ بریکرز نصب کیے جائیں اور جدید مانیٹرنگ سسٹم لگایا جائے ۔