حب کینال کے نام پر لیپاپوتی کی جارہی،منعم ظفر خان

حب کینال کے نام پر لیپاپوتی کی جارہی،منعم ظفر خان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ وفاقی وصوبائی حکومت کی نااہلی و کرپشن کی وجہ سے کراچی کے شہری گزشتہ 17 سال سے پانی کے بحران کا شکار ہیں، اس مدت میں ایک قطرہ پانی کا بھی اضافہ نہیں ہوا۔

 اورنگی ٹاؤن کے عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، بعض علاقوں میں مہینوں تک پانی نہیں آتا۔قابض میئر مرتضیٰ وہاب حب کینال منصوبے کے نام پر صرف لیپا پوتی کر رہے ہیں،اگر اس کینال سے اورنگی اور غربی کو پانی نہ ملا تو اس منصوبے کا کوئی فائدہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیڈ ایم سی پارک، شاہراہ اورنگی میں جماعت اسلامی کے تحت آؤ اورنگی سر سبز بنائیں شجر کاری مہم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے شہر میں ایک لاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ عالمی معیار کے مطابق 7 افراد کیلئے ایک درخت ہونا چاہیے جبکہ کراچی میں فی ہزار افراد کیلئے صرف ایک درخت ہے ۔ کراچی کا ہر شہری سال میں کم از کم ایک درخت لگانے کا عزم کرے ،ہم درخت بھی لگائیں گے اور حالات و نظام بھی بدلیں گے ۔دریں اثناء منعم ظفر خان نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ محمد علی جناح پارک یوسی چار میں پودے لگا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیااور شجرکاری مہم کے سلسلے میں شہریوں کو بڑی تعداد میں پودے بھی تقسیم کیے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں