شہری کچراکھلے ایریا میں پھینکنے سے گریز کریں ،میئر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مئیر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے فرئیر ہال میں3روزسے جاری فیملی فیسٹول میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی مئیر سلمان عبداللہ مراد و دیگر موجود تھے ۔
مئیر بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے اور ہمیں اس پر فخر ہونا چا ہیے ، دنیا میں بہت ساری قومیں آزادی کی اس نعمت سے محروم ہیں اور اس بات پر اور زیادہ فخر کرنا چا ہیے کہ معیشت اور آبادی کے لحاظ سے پاکستان سے بڑا ملک جو اپنی معیشت پر ناز کرتا تھا پاکستان کی قوم نے متحد ہو کرچاہے فوجی میدان ہو، یا سفارتی میدان یا میڈیا کا میدان ہوہر جگہ مودی کو چاروں خانے چتِ کیا ہے ۔ میئرکراچی نے کہا کہ یہ پاکستان کا جھنڈا ہے تو ہم ہیں اپنے گھروں پر، پارکوں گاڑیوں پر جھنڈا لگائیں، ہمیں فخر ہے پاکستانی ہونے پر، پاکستان نے ہمارے لئے بہت کچھ کر لیا، اب وقت ہے کہ ہم اس ملک کے لئے کچھ کریں۔ ایک صحافی کے سوال پربیرسٹر مرتضی وہابنے جواب میں کہا کہ کیا لوگ اپنے کمرے میں اپنے گھر دفتر میں کچرا پھینکتے ہیں؟ یہ شہر بھی ہمارے گھر کی طرح ہے شہری کچراکھلے ایریا میں پھینکنے سے گریز کریں تاکہ کراچی شہر صاف ستھرا رہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈویسٹ کا عملہ کچرا اٹھا رہا ہے اور صفائی کے کام میں بہت بہتری آئی ہے ، اگر شہری بھی تعاون کریں گے تو شہر کا ماحول خوشگوار اور صحت مند ہوگا۔